اقوام متحدہ کا غزہ میں قحط کے خاتمے کا اعلان، صورتحال بدستور نازک قرار

نیویارک: اقوام متحدہ نے غزہ میں قحط کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگرچہ غذائی صورتحال میں بہتری آئی ہے تاہم حالات بدستور نازک ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ نے جمعہ کو بتایا کہ غزہ میں گزشتہ برس اگست میں اعلان کیا گیا قحط انسانی امداد کی بہتر رسائی کے باعث اب ختم ہو چکا ہے۔ تاہم عالمی ادارے نے واضح کیا ہے کہ موجودہ صورتحال اب بھی تشویشناک ہے اور مسلسل نگرانی کی ضرورت ہے۔

اقوام متحدہ کے فوڈ سکیورٹی کی نگرانی کرنے والے ادارے انٹیگریٹڈ فوڈ سکیورٹی فیز کلاسیفیکیشن (آئی پی سی) کے مطابق غزہ پٹی میں خوراک کی دستیابی میں کچھ بہتری آئی ہے، لیکن مجموعی حالات تاحال نازک ہیں۔

آئی پی سی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی 70 فیصد سے زائد آبادی عارضی پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہے، جبکہ سردیوں کی بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب کی وجہ سے بھوک اور غذائی عدم تحفظ کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے مانیٹرنگ ادارے نے بتایا کہ غزہ پٹی کو اب بھی ایمرجنسی درجہ بندی میں شامل رکھا گیا ہے، تاہم اپریل 2026 تک غزہ کے کسی بھی علاقے کو قحط کی درجہ بندی میں شامل نہیں کیا گیا۔

اقوام متحدہ نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ غزہ میں غذائی بحران دوبارہ سنگین شکل اختیار نہ کرے۔

Related posts

امریکا کے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر شدید فضائی حملے، آپریشن ’’ہاک آئی اسٹرائیک‘‘ شروع

غزہ امن منصوبہ: پاکستان کی جانب سے فوجی دستے بھیجنے پر غور، امریکا کا اظہارِ تشکر

ایران کے جزیرہ ہرمز پر نادر قدرتی منظر، سمندر کا پانی سرخ ہو گیا