سعودی عرب کا قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام وسائل استعمال کرنے کا اعلان

ریاض: سعودی عرب نے قومی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق یمن کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرِ صدارت سعودی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے اختتام پر وزیرِ اطلاعات سلمان بن یوسف نے سرکاری اعلامیہ جاری کیا۔

اعلامیے کے مطابق سعودی کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مملکت اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔ اعلامیے میں یمن کی سلامتی، یمنی صدارتی کونسل اور قومی حکومت کی مکمل حمایت کا بھی اعادہ کیا گیا۔

سعودی کابینہ نے یمن کے صوبوں حضرموت اور المہرہ میں عرب اتحاد کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مملکت یمن میں کشیدگی روکنے اور استحکام کے قیام کے لیے عرب اتحاد کی کوششوں کی حمایت کرتی ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ کابینہ نے جمہوریہ یمن کی قانونی حکومت کی جانب سے اماراتی فوج کے انخلاء کے مطالبے کی حمایت کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ متحدہ عرب امارات اس فیصلے پر عمل درآمد کرے گا۔

سعودی کابینہ کے اعلامیے کو یمن میں بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Related posts

ایران پر ممکنہ امریکی حملہ: نیتن یاہو کی ٹرمپ سے تاخیر کی درخواست، خلیجی ممالک کی سفارتکاری بھی سرگرم

کشیدگی کے دوران ایران نے فضائی حدود عارضی بندش کے بعد دوبارہ کھول دی، فضائی آپریشن بحال

امریکا کی جانب سے ایران پر ممکنہ فیصلہ کن حملے کے اشارے، اسرائیل میں ہنگامی دفاعی تیاریاں، یورپی ممالک کا اپنے شہریوں کے انخلا کا عمل تیز