اسلام آباد/عالمی ڈیسک: امن، استحکام اور خوشحالی کی امیدوں کے ساتھ دنیا کے مختلف ممالک میں سال 2026 کا آغاز ہو گیا۔ نئے سال کے موقع پر مختلف شہروں میں شاندار تقریبات، آتش بازی اور روایتی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔
نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں سال 2026 کے آغاز پر آکلینڈ اسکائی ٹاور پر شاندار آتش بازی کی گئی، جس سے آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔ نئے سال کا جشن منانے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد اسکائی ٹاور کے اطراف جمع ہوئی۔
آسٹریلیا میں بھی سال 2026 کا آغاز ہو گیا۔ سڈنی ہاربر پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جبکہ سڈنی کے ساحلوں پر سیکڑوں افراد نے نئے سال کا استقبال جوش و خروش سے کیا۔
جنوبی کوریا میں روایتی انداز میں کانسی کا گھنٹا بجا کر سال نو کا خیرمقدم کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات میں دبئی کے بلند و بالا بُرج خلیفہ پر سال نو کے موقع پر شاندار آتش بازی کے مظاہرے کا اہتمام کیا گیا ہے۔
عالمی سطح پر نیویارک، لندن اور پیرس میں بھی سال نو کی تقریبات اور جشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں شہری بڑی تعداد میں سڑکوں اور اہم مقامات پر جمع ہو کر نئے سال کا استقبال کر رہے ہیں۔
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں نیو ایئر ٹی پارٹی کے موقع پر روایتی اوپیرا پیش کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ سال 2026 میں مزید فعال میکرو پالیسیوں کو آگے بڑھایا جائے گا۔
دنیا بھر میں نئے سال کے آغاز پر عوام نے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔