سابق سربراہ پاک فضائیہ ائیر مارشل نور خان کی بیٹی ڈاکٹر فائقہ نور خان امریکا میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق

اسلام آباد/واشنگٹن: سابق سربراہ پاک فضائیہ ائیر مارشل نور خان کی بیٹی اور معروف ماہرِ اطفال ڈاکٹر فائقہ نور خان امریکا میں ایک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق ریاست ورجینیا کی کاؤنٹی ڈینوڈی میں ویک اینڈ پر پیش آنے والے حادثے میں ایک مقامی پیڈیاٹریشن جان کی بازی ہار گئیں، جن کی شناخت 75 سالہ فائقہ آفتاب قریشی کے نام سے ہوئی ہے۔

ورجینیا پولیس کے مطابق ڈاکٹر فائقہ قریشی کی کار سڑک سے ٹکرا گئی، جس کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔ حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈاکٹر فائقہ قریشی نے 1993 میں بچوں کے دی کنگز ڈاٹر اسپتال میں بطور فزیشن ذمہ داریاں سنبھالیں اور بعد ازاں طویل عرصے تک ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کی میڈیکل ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دیتی رہیں۔ اسپتال کا کہنا ہے کہ بچوں اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ان کی وابستگی اور مستقبل کے ڈاکٹرز کی تربیت کے لیے ان کی خدمات کے دور رس اثرات مرتب ہوئے۔

دوسری جانب کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور نے بھی سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ڈاکٹر فائقہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بیان کے مطابق ڈاکٹر فائقہ نور خان کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی ہونہار طالبہ تھیں، جنہوں نے 1973 میں گریجویشن مکمل کی اور بعد ازاں اسی ادارے میں بطور استاد بھی خدمات انجام دیتی رہیں۔

مرحومہ کی پیشہ ورانہ خدمات کو طبی حلقوں میں خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے جبکہ اہلِ خانہ اور دوستوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

Related posts

تہران کا دوٹوک مؤقف: امریکا سے مذاکرات نہیں کریں گے، علی لاریجانی

امریکا میں ایران پر حملوں کی محدود حمایت، صدر ٹرمپ کی مقبولیت میں معمولی کمی

ایرانی فوج کا بڑا دعویٰ: 560 امریکی اہلکار ہلاک، امریکا کی تردید — خطے میں شدید کشیدگی