بھارت میں جعلی ڈگریوں کے ذریعے امریکی ایچ ون بی ویزے فروخت کرنے کا انکشاف

ممبئی: بھارتی جریدے دی کمیون کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں جعلی ڈگریوں اور رشوت کے ذریعے امریکی ایچ ون بی (H-1B) ویزے دینے کا ایک وسیع نیٹ ورک سرگرم ہے، جس میں اب تک 36 ہزار سے زائد جعلی ڈگریاں فروخت کی جا چکی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی قونصل خانوں میں جعلی ڈگریوں کے حامل نوجوانوں کو ویزے جاری کیے گئے، اور اس پورے دھندے کو بھارتی سیاستدانوں کی پشت پناہی حاصل ہے۔ پولیس چھاپوں کے دوران کیرالہ میں مرکزی ملزم دھنیش عرف ڈینی کو گھر پر جعلی ڈگریاں پرنٹ کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔

نیٹ ورک کی سرگرمیاں بھارتی ریاستوں کیرالہ، تامل ناڈو، کرناٹک، مہاراشٹر، گوا، دہلی سمیت دیگر علاقوں میں دیکھی گئی ہیں، اور 22 سے 28 جامعات کی جعلی مہریں اور ایک لاکھ سے زائد سرٹیفکیٹس برآمد ہوئے ہیں۔ اس نیٹ ورک نے میڈیکل، نرسنگ اور انجینئرنگ جیسے حساس شعبوں کی جعلی ڈگریاں بھی فروخت کیں، جن کی قیمت تقریباً 1400 ڈالر فی ڈگری تھی۔

امریکی سینٹر فار امیگریشن اسٹڈیز (CIS) کی ڈائریکٹر کے مطابق بھارت میں ایچ ون بی ویزا کے حصول کے عمل میں روزانہ تقریباً 200 ویزے جاری کیے جاتے ہیں جن میں 90 فیصد جعلی ہیں۔ بھارتی شہری ویزا کے لیے جعلی کوائف اور اسناد فراہم کرتے ہیں اور رشوت دیتے ہیں، جبکہ یہ پورا عمل بھارتی سیاستدانوں کی سہولت کاری اور پشت پناہی کے تحت چل رہا ہے۔

امریکی سفارتکار مہوش صدیقی نے بھی چنئی قونصل خانہ کو دنیا کے سب سے بڑے ایچ ون بی ویزا فراڈ کا مرکز قرار دیا ہے اور اس دھوکہ دہی کا براہ راست مشاہدہ کیا ہے۔ رپورٹس میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ بھارت میں جعلی ڈگریوں کے ساتھ جعلی بینک اسٹیٹمنٹس، شادی یا پیدائش کے سرٹیفکیٹس بھی فروخت کیے جاتے ہیں، جبکہ زیادہ تر شہری صرف ڈگری کا دعویٰ کرتے ہیں اور حقیقت میں علم نہیں رکھتے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، اس دھندے نے بھارت کی عالمی ساکھ کو متاثر کیا ہے اور امریکہ میں ویزا فراڈ کے خلاف اقدامات کے لیے تشویش پیدا کر دی ہے۔

یہ انکشاف بھارت میں تعلیمی اور امیگریشن نظام میں موجود منظم فراڈ اور کرپشن کو بے نقاب کرتا ہے، جس کا عالمی سطح پر شدید ردعمل متوقع ہے۔

Related posts

ایران پر ممکنہ امریکی حملہ: نیتن یاہو کی ٹرمپ سے تاخیر کی درخواست، خلیجی ممالک کی سفارتکاری بھی سرگرم

کشیدگی کے دوران ایران نے فضائی حدود عارضی بندش کے بعد دوبارہ کھول دی، فضائی آپریشن بحال

امریکا کی جانب سے ایران پر ممکنہ فیصلہ کن حملے کے اشارے، اسرائیل میں ہنگامی دفاعی تیاریاں، یورپی ممالک کا اپنے شہریوں کے انخلا کا عمل تیز