وینزویلا کسی کی کالونی نہیں بنے گا، ملک کے دفاع کے لیے تیار ہیں: نائب صدر ڈیلسی روڈریگز

وینزویلا کی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز نے کہا ہے کہ ملک اپنے دفاع اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور وینزویلا کسی بھی ملک کی کالونی نہیں بنے گا۔

امریکی فوجی کارروائی اور صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے بعد قوم سے خطاب کرتے ہوئے ڈیلسی روڈریگز نے کہا کہ صدر مادورو کو اغوا کیا گیا ہے اور وہی وینزویلا کے آئینی صدر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وینزویلا کے عوام صبر، اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔

نائب صدر نے کہا کہ امریکی کارروائی کے باوجود وینزویلا اپنے دفاع سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور اپنے قدرتی وسائل، خصوصاً تیل، کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

ڈیلسی روڈریگز کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اقتدار کی منتقلی تک وینزویلا کا انتظام امریکا سنبھالے گا اور امریکی تیل کمپنیاں وینزویلا میں کام شروع کریں گی۔

واضح رہے کہ فلوریڈا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے خلاف کرمنل الزامات عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے نیویارک منتقل کیا جا رہا ہے جہاں انہیں امریکی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان کی ہدایت پر امریکی فوج نے وینزویلا کے دارالحکومت میں ایک غیرمعمولی اور خفیہ آپریشن کیا، جس میں فضائی، زمینی اور بحری طاقت کا استعمال کیا گیا۔ ان کے مطابق یہ کارروائی امریکی فوجی طاقت کا ایک شاندار مظاہرہ تھی۔

امریکی دعوؤں اور وینزویلا کی قیادت کے بیانات کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ عالمی برادری کی جانب سے صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

Related posts

سعودی عرب: راس تنورا آئل ریفائنری کے قریب ڈرون حملہ، پی این ایس سی چارٹر جہاز پر لوڈنگ معطل

ٹرمپ نے ایران میں زمینی فوج بھیجنے کے امکان کو مسترد نہ کیا، اہداف واضح قرار

چین کی ایران کو بھرپور حمایت کی یقین دہانی، امریکی و اسرائیلی حملوں پر شدید تشویش کا اظہار