اقتدار کی منتقلی تک وینزویلا ہم چلائیں گے، امریکی تیل کمپنیاں وہاں جائیں گی: ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اقتدار کی منتقلی تک وینزویلا کا انتظام امریکا سنبھالے گا اور امریکی تیل کمپنیاں وینزویلا میں کام شروع کریں گی۔

فلوریڈا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے خلاف کرمنل الزامات عائد کرنے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے نیویارک منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ان کی ہدایت پر امریکی فوج نے وینزویلا کے دارالحکومت میں ایک غیرمعمولی آپریشن کیا، جس میں فضائی، زمینی اور بحری طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔ ان کے مطابق یہ کارروائی امریکی فوجی طاقت کا ایک شاندار اور غیرمعمولی مظاہرہ تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مادورو اور ان کی اہلیہ کو امریکی فورسز نے ان کے بیڈروم سے گرفتار کیا، اس وقت کاراکاس میں مکمل اندھیرا تھا اور بجلی بند تھی۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا نے سمندری راستوں کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ میں 90 فیصد تک کمی کی ہے۔ ان کے مطابق ڈکٹیٹر مادورو منشیات اسمگلنگ کے ایک وسیع کرمنل نیٹ ورک کے سرپرست تھے، جس پر امریکی عدالت نے فردِ جرم عائد کر دی ہے۔ ٹرمپ کا دعویٰ تھا کہ یہ ڈرگ کارٹیل ہزاروں امریکی شہریوں کی اموات کے ذمہ دار ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ قاسم سلیمانی اور ابو بکر البغدادی کو بھی اسی طرز کی کارروائیوں میں نشانہ بنایا گیا تھا، جبکہ ایران کی جوہری تنصیبات کو بھی ایسے ہی حملوں میں تباہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے تمام اہداف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنایا اور دنیا میں کوئی دوسرا ملک ایسی صلاحیت نہیں رکھتا۔

امریکی صدر کے ان بیانات کے بعد خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ عالمی برادری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

Related posts

ایران پر ممکنہ امریکی حملہ: نیتن یاہو کی ٹرمپ سے تاخیر کی درخواست، خلیجی ممالک کی سفارتکاری بھی سرگرم

کشیدگی کے دوران ایران نے فضائی حدود عارضی بندش کے بعد دوبارہ کھول دی، فضائی آپریشن بحال

امریکا کی جانب سے ایران پر ممکنہ فیصلہ کن حملے کے اشارے، اسرائیل میں ہنگامی دفاعی تیاریاں، یورپی ممالک کا اپنے شہریوں کے انخلا کا عمل تیز