امریکا کے حملے کے بعد گرفتار ہونے والے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو لے جانے والا امریکی طیارہ نیویارک پہنچ گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق وہ طیارہ، جس میں گرفتار صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سوار تھے، نیویارک کی اسٹیورٹ ایئر نیشنل گارڈ بیس پر اترا۔ مادورو کو امریکی بوئنگ 757 طیارے کے ذریعے نیویارک منتقل کیا گیا، جسے دورانِ پرواز دنیا کی سب سے زیادہ ٹریک کی جانے والی پرواز قرار دیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک پہنچنے کے بعد نکولس مادورو کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے مین ہیٹن منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں بروکلین کے حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نکولس مادورو کو جلد نیویارک کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں ان پر منشیات اسمگلنگ اور دہشت گردی سے متعلق الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔
یاد رہے کہ امریکا نے ہفتے کے روز وینزویلا پر حملہ کیا تھا، جس کے دوران امریکی ڈیلٹا فورس نے وینزویلا کے صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو صدارتی محل سے گرفتار کر کے اپنے ساتھ لے گئی تھی۔
اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیوز بریفنگ میں بتایا کہ ان کی ہدایت پر امریکی فوج نے وینزویلا میں ایک غیرمعمولی آپریشن کیا، جس میں متعدد جنگی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا۔ ٹرمپ کے مطابق اس خفیہ آپریشن کی تیاری دسمبر کے اوائل میں شروع کی گئی تھی، جبکہ امریکا مستقبل میں مزید کارروائیوں کے لیے بھی تیار ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ مادورو اور ان کی اہلیہ کو ان کے بیڈروم سے گرفتار کر کے نیویارک لایا گیا ہے، جہاں امریکا میں ان کے خلاف منشیات اور دہشت گردی کے الزامات کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔