بھارت میں ایک نجی کمپنی کے منیجر کی جانب سے بیماری کی چھٹی لینے والے ملازم سے لائیو لوکیشن مانگنے کا واقعہ سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی کے ایک ملازم نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ سر میں شدید درد کے باعث انہوں نے دفتر سے بیماری کی چھٹی طلب کی تھی۔ تاہم چھٹی کی درخواست کے جواب میں منیجر نے ان سے اپنی لائیو لوکیشن بھیجنے کا مطالبہ کیا۔
ملازم کے مطابق انہوں نے منیجر سے سوال کیا کہ لائیو لوکیشن کیوں درکار ہے، لیکن اس کے باوجود منیجر اپنے مؤقف پر قائم رہے اور لوکیشن شیئر کرنے پر اصرار کرتے رہے۔
اس واقعے پر مبنی ملازم کی سوشل میڈیا پوسٹ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی، جس کے بعد صارفین کی جانب سے منیجر کے رویے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ کئی صارفین نے اسے ملازمین کی نجی زندگی میں مداخلت اور غیر پیشہ ورانہ رویہ قرار دیا ہے۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر کام کی جگہوں پر ملازمین کے حقوق اور پرائیویسی سے متعلق بحث بھی شروع ہو گئی ہے۔