واشنگٹن: امریکا میں قائم چینی سفارت خانے نے چین کی معاشی اور تکنیکی ترقی کو عالمی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دینے والے مغربی بیانیے پر طنزیہ انداز میں مبنی ایک ویڈیو شیئر کر دی ہے، جس میں اس مؤقف کو کھلے لفظوں میں مضحکہ خیز قرار دیا گیا ہے۔
سفارت خانے کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح مغربی حلقے چین کی تیز رفتار معاشی اور ٹیکنالوجیکل پیش رفت کو خطرے کے طور پر پیش کرتے ہیں، جبکہ عملی طور پر خود انہی کامیابیوں سے فائدہ بھی اٹھا رہے ہیں۔ ویڈیو میں الیکٹرک گاڑیوں، سولر پینلز، جدید بیٹری ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ سیکٹر میں چین کی نمایاں برتری کو اجاگر کیا گیا ہے۔
ویڈیو کے مناظر میں یہ تضاد واضح کیا گیا ہے کہ ایک طرف امریکا اور اس کے اتحادی چین کی ترقی کو اپنے لیے خطرہ قرار دیتے ہیں، جبکہ دوسری جانب امریکی منڈی میں سستی اور جدید چینی مصنوعات پر انحصار بدستور برقرار ہے۔
چینی سفارت خانے نے ویڈیو کے ذریعے یہ پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ چین کی ترقی کو خوف یا تصادم کے تناظر میں دیکھنے کے بجائے عالمی معاشی تعاون اور ٹیکنالوجی کی مشترکہ ترقی کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔
سیاسی و معاشی مبصرین کے مطابق یہ ویڈیو چین اور مغرب کے درمیان جاری بیانیاتی جنگ کا ایک نیا رخ ہے، جس میں چین اپنی کامیابیوں کو دفاعی انداز کے بجائے طنز اور حقائق کے ذریعے پیش کر رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات چین کی سافٹ پاور کو مزید مضبوط کر سکتے ہیں اور عالمی رائے عامہ پر اثرانداز ہونے کی کوشش کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں چین کی الیکٹرک گاڑیوں، قابلِ تجدید توانائی اور صنعتی پیداوار میں تیز رفتار ترقی نے عالمی منڈیوں میں اس کا اثر و رسوخ نمایاں طور پر بڑھا دیا ہے، جس پر مغربی ممالک کی جانب سے تحفظات اور تنقید میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔