بنگلا دیش نے سکیورٹی خدشات کے باعث بھارت میں مزید 3 سفارتی مشنز کے ویزا سیکشنز بند کر دیے

ڈھاکا: بنگلا دیش نے بھارت میں سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر پابندیوں کا دائرہ مزید بڑھاتے ہوئے تین اہم سفارتی مشنز میں ویزا سیکشنز عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بنگلا دیش کی وزارتِ خارجہ نے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ نئی پابندیاں جمعرات سے نافذ العمل ہو چکی ہیں۔

وزارت خارجہ کے مطابق تازہ فیصلے کے تحت بھارتی شہریوں کے لیے کاروباری اور ملازمت کے ویزوں کے علاوہ تمام اقسام کے ویزے معطل کر دیے گئے ہیں۔ اس اقدام کو مکمل طور پر سکیورٹی خدشات سے جوڑا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کولکتہ میں بنگلا دیشی ڈپٹی ہائی کمیشن میں قونصلر اور ویزا خدمات مکمل طور پر بند کر دی گئی ہیں، جبکہ ممبئی اور چنئی میں سیاحتی ویزوں سمیت دیگر تمام ویزا سہولیات بھی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔

بنگلا دیشی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ جن بھارتی شہروں میں واقع سفارتی مشنز میں سکیورٹی سے متعلق واقعات پیش آئے، وہاں احتیاطی تدابیر کے طور پر ویزا خدمات روک دی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ کسی سفارتی تناؤ کے بجائے صرف اور صرف سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 22 دسمبر کو بھی بنگلا دیش نے بھارت میں واقع اپنے نئی دہلی ہائی کمیشن، تریپورہ کے شہر اگرتلہ میں اسسٹنٹ ہائی کمیشن اور سلی گوڑی میں قائم ویزا سینٹر میں ویزا اور قونصلر خدمات عارضی طور پر معطل کر دی تھیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق حالیہ اقدامات سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور عوامی سطح پر روابط متاثر ہونے کا خدشہ ہے، تاہم بنگلا دیشی حکام کا مؤقف ہے کہ شہریوں اور سفارتی عملے کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

Related posts

ایران پر ممکنہ امریکی حملہ: نیتن یاہو کی ٹرمپ سے تاخیر کی درخواست، خلیجی ممالک کی سفارتکاری بھی سرگرم

کشیدگی کے دوران ایران نے فضائی حدود عارضی بندش کے بعد دوبارہ کھول دی، فضائی آپریشن بحال

امریکا کی جانب سے ایران پر ممکنہ فیصلہ کن حملے کے اشارے، اسرائیل میں ہنگامی دفاعی تیاریاں، یورپی ممالک کا اپنے شہریوں کے انخلا کا عمل تیز