مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن پر ٹرمپ کی ایران کو ایک بار پھر سخت وارننگ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران مظاہرین کے خلاف ممکنہ تشدد پر ایک بار پھر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے تہران کو سنگین نتائج کی دھمکی دے دی ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر احتجاج کے دوران مظاہرین کو قتل کیا گیا تو امریکا خاموش نہیں رہے گا اور ایران کو بھرپور اور نہایت سخت جواب دیا جائے گا۔

ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے ایرانی حکام کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ اگر مظاہرین کے خلاف طاقت کا بے دریغ استعمال کیا گیا، جیسا کہ ماضی میں ہوتا رہا ہے، تو اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایسے واقعات پر آنکھیں بند نہیں کر سکتا۔

انٹرویو کے دوران میزبان کی جانب سے مظاہروں میں درجنوں افراد کی ہلاکتوں کا ذکر کیے جانے پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ بعض اموات بھگدڑ اور افراتفری کے باعث بھی ہو سکتی ہیں اور ضروری نہیں کہ ہر موت سکیورٹی فورسز کی کارروائی کا نتیجہ ہو۔ تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر مظاہرین کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا تو امریکا سخت ردعمل دے گا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ تمام اموات کا ذمہ دار کسی ایک فریق کو نہیں ٹھہرا سکتے، لیکن ایران کو سختی سے خبردار کر دیا گیا ہے کہ مظاہرین کے قتل کی صورت میں سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

ایران میں حکومت مخالف مظاہرین کے نام پیغام دیتے ہوئے امریکی صدر نے کہا، “آپ آزادی کے لیے کھڑے ہیں، آپ بہادر لوگ ہیں، آپ کے ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ افسوسناک ہے۔” ٹرمپ نے مظاہرین کی جرات کو سراہتے ہوئے ان کے حق میں اخلاقی حمایت کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ ایران میں گزشتہ 12 روز سے مہنگائی، معاشی بدحالی اور کرنسی کی قدر میں شدید گراوٹ کے خلاف ملک گیر احتجاج جاری ہے۔ ان مظاہروں کے دوران مختلف شہروں میں جھڑپوں اور افراتفری کے نتیجے میں درجنوں افراد کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آچکی ہیں۔

یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ امریکا نے ایران کو مظاہرین کے خلاف تشدد کے استعمال سے خبردار کیا ہو، اس سے قبل بھی واشنگٹن کی جانب سے ایسے بیانات سامنے آتے رہے ہیں جن میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

Related posts

مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال: پاکستان اور افغانستان کی فضائی حدود عالمی پروازوں کا مصروف ترین راستہ بن گئیں۔

نئی دہلی: بھارتی چینل اے بی پی نیوز مبینہ طور پر ہیک، نشریات میں غیر معمولی مواد نشر

لبنان پر اسرائیلی حملے جاری، 31 افراد جاں بحق، 149 زخمی — خطے میں کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ گئی