اسلام آباد: عالمی جریدے دی ڈپلومیٹ نے رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان نے بہترین سفارت کاری اور مربوط پالیسیوں کے ذریعے خطے میں اہم اور مرکز نگاہ کا کردار ادا کرنا شروع کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چین نے پاکستان کے بڑھتے ہوئے مؤثر کردار، بہترین سفارت کاری اور قومی معاملات میں دوٹوک مؤقف کو عالمی سطح پر سراہا ہے۔ چین کی نظر میں پاکستان ایک ایسا ملک ہے جو نہ صرف معاشی طور پر مضبوط ہے بلکہ اپنے سرحدی اور خطے سے باہر کے معاملات میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔
پاک چین تعلقات اور عالمی تعاون
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، اور چین پاکستان کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ چین نے سلامتی کونسل اور ایس سی او میں پاکستان کے کردار کو بھی بہترین اور موزوں قرار دیا ہے۔
علاقائی پالیسیوں کی عالمی حمایت
دی ڈپلومیٹ کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی موجودہ پالیسیوں کو عالمی سطح پر بھرپور حمایت حاصل ہے۔ چین نے کشمیر کے مسئلے کے حل میں سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا ہے، جبکہ افغان حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ اعتدال پسندی اور پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم رکھے۔
پاکستانی مؤقف کی عالمی توثیق
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی موجودہ پالیسیوں کی بین الاقوامی سطح پر حمایت، پاکستانی مؤقف کی بھرپور توثیق اور اعتماد کی علامت ہے۔ جریدے نے اس امر کو بھی نمایاں کیا کہ حکومت، ریاستی ادارے اور عوام نے قومی معاملات میں یکساں اور واضح پالیسی اختیار کر کے پاکستان کی خطے میں مرکز نگاہ کے طور پر پذیرائی میں اضافہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چین نہ صرف پاکستان کی داخلی پالیسیوں کی حمایت کر رہا ہے بلکہ عالمی اور علاقائی معاملات میں بھی پاکستان کے مؤثر کردار کی قدر کرتا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا باعث بن رہی ہے۔