تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے حکومت کے حق میں ہونے والے بڑے عوامی مظاہروں پر قوم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ملکی تاریخ کا ایک اہم اور فیصلہ کن لمحہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے اپنی بھرپور شرکت سے غیر ملکی دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنا دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ عظیم ایرانی قوم نے آج ایک تاریخی دن رقم کیا ہے اور ملک بھر میں نکالی گئی ریلیوں نے دشمن قوتوں کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ ایران کسی دباؤ یا سازش کے آگے جھکنے والا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے مظاہرے دراصل غیر ملکی مداخلت اور بیرونی دباؤ کے خلاف عوامی ردعمل تھے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ دشمنوں کی منصوبہ بندی یہ تھی کہ اندرونی کرائے کے ایجنٹوں کے ذریعے انتشار پھیلایا جائے، تاہم ایرانی قوم نے یکجہتی، عزم اور اپنی قومی شناخت کے بھرپور اظہار کے ذریعے ان عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مظاہرے خاص طور پر امریکی سیاست دانوں کے لیے ایک واضح وارننگ تھے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے امریکا پر زور دیا کہ وہ فریبی اقدامات ترک کرے اور اپنے نام نہاد اتحادیوں اور اندرونی آلہ کاروں پر بھروسہ کرنا چھوڑ دے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم باشعور، طاقتور اور دشمن کی چالوں سے بخوبی آگاہ ہے، اور جب بھی ملک کو خطرہ لاحق ہوا، عوام ہمیشہ میدان میں موجود رہی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گی۔
یاد رہے کہ ایرانی دارالحکومت تہران سمیت مختلف شہروں میں حکومت کے حق میں بڑے پیمانے پر مظاہرے کیے گئے، جن میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ایرانی پرچم لہرا رکھے تھے اور سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں، جبکہ حکومت کے حق اور امریکا مخالف نعرے بھی لگائے گئے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق یہ مظاہرے ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران کو اندرونی احتجاج، بیرونی دباؤ اور امریکا کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کا سامنا ہے، اور ان ریلیوں کو حکومت اور قیادت کے لیے عوامی حمایت کے مظاہرے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔