امریکی سینیٹ کی سماعت میں ایران کے خلاف کارروائی پر احتجاج، سابق میرین اہلکار کو زبردستی باہر نکال دیا گیا

واشنگٹن: امریکا میں ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے معاملے پر ہونے والی سینیٹ کی سماعت کے دوران احتجاج کرنے والے ایک سابق میرین اہلکار کو سکیورٹی اہلکاروں نے زبردستی اجلاس سے باہر نکال دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق احتجاج کرنے والے شخص کی شناخت برائن میکگینس کے نام سے ہوئی ہے جو امریکی میرین کور کے سابق اہلکار ہیں اور آئندہ انتخابات میں گرین پارٹی کے ٹکٹ پر سینیٹ کی نشست کے امیدوار بھی ہیں۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سینیٹ کی سماعت کے دوران برائن میکگینس اچانک کھڑے ہو کر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران کے خلاف فوجی کارروائی سے متعلق پالیسی کے خلاف نعرے لگانا شروع کردیتے ہیں۔ وہ بلند آواز میں کہہ رہے تھے کہ “کوئی بھی اسرائیل کے لیے لڑنا نہیں چاہتا۔”

ویڈیو میں مزید دیکھا جاسکتا ہے کہ احتجاج کے دوران کمرہ اجلاس میں موجود سکیورٹی اہلکار فوری طور پر حرکت میں آتے ہیں اور انہیں قابو میں کر کے باہر لے جانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس دوران برائن میکگینس مزاحمت کرتے ہوئے اپنا احتجاج جاری رکھتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس موقع پر مونٹانا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر ٹم شیہی بھی کیپیٹل پولیس کی مدد کرتے ہوئے نظر آئے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سینیٹر ٹم شیہی، جو خود بھی امریکی فوج کے سابق اہلکار رہ چکے ہیں، سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مل کر برائن میکگینس کو اٹھا کر کمرہ اجلاس سے باہر لے جانے میں معاونت کر رہے ہیں۔

واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر اس پر مختلف ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ بعض صارفین نے احتجاج کے حق کو جمہوری آزادی قرار دیا جبکہ دیگر نے سینیٹ کی کارروائی میں خلل ڈالنے کے عمل پر تنقید کی ہے۔

امریکی سینیٹ میں ایران کے حوالے سے جاری بحث کے دوران یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب خطے میں بڑھتی کشیدگی اور امریکا کی ممکنہ پالیسیوں پر سیاسی حلقوں میں شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔

Related posts

سعودی عرب اور اسرائیل کے تعلقات معمول پر آنے کی بات بھول جائیں، شہزادہ ترکی الفیصل

ایران کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، ایرانی قیادت کو تیزی سے ختم کیا جا رہا ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

آبنائے ہرمز پر کشیدگی میں اضافہ: ایران کا سخت مؤقف، امریکا کا تجارتی جہازوں کو تحفظ دینے کا اعلان