ایران جنگ کے بعد یو اے ای کے صدر محمد بن زاید النہیان کا پہلا عوامی بیان سامنے آگیا

ابوظبی: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ایران کے ساتھ کشیدگی اور جنگی صورتحال کے بعد پہلی مرتبہ عوامی سطح پر بیان دیتے ہوئے قوم کو اتحاد اور حوصلے کا پیغام دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات ایک مضبوط اور باعزم ریاست ہے اور ملک میں رہنے والے ہر فرد کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

اماراتی میڈیا کے مطابق صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ابوظبی کے ایک اسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے حالیہ جنگی صورتحال کے دوران زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔ اس موقع پر اماراتی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت قوم حالتِ جنگ میں ہے اور ہر شہری اور ادارے کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کے دفاع اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

صدرِ امارات کا کہنا تھا کہ ہم اپنے ملک، اپنے عوام اور یہاں مقیم غیر ملکی رہائشیوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای میں رہنے والے تمام افراد ہمارے خاندان کا حصہ ہیں اور ان کی سلامتی ریاست کی اولین ترجیح ہے۔

شیخ محمد بن زاید النہیان نے واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات کو کمزور سمجھنا کسی کی غلط فہمی ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق یو اے ای آسان شکار نہیں ہے بلکہ ایک مضبوط قوت اور پختہ عزم رکھنے والا ملک ہے جو ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے مسلح افواج، سکیورٹی اداروں اور دیگر قومی اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کی بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ صدر امارات نے ان شہریوں اور رہائشیوں کی بھی تعریف کی جنہوں نے مشکل حالات میں ملک سے محبت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

دوسری جانب اماراتی وزارت داخلہ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک کا فضائی دفاعی نظام ممکنہ میزائل خطرات کا مؤثر جواب دے رہا ہے اور سکیورٹی ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔

وزارت داخلہ نے شہریوں اور رہائشیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، محفوظ مقامات پر رہیں اور سرکاری ویب سائٹ اور سرکاری ذرائع ابلاغ کے ذریعے جاری ہونے والی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔

حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Related posts

ایران پر حملوں میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

مشرق وسطی خطے کے کم از کم 10 ممالک کی فضائی حدود متاثر ہونے کے باعث بیشتر فلائٹ آپریشنز بدستور معطل

ایران پڑوسی ممالک پر حملے نہیں کرے گا، ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا اعلان