امریکا کا ایرانی قیادت کے خلاف بڑا اقدام، مجتبیٰ خامنہ ای سمیت 10 رہنماؤں پر معلومات دینے والے کیلئے 10 ملین ڈالر انعام

واشنگٹن: امریکا نے ایران کی اعلیٰ قیادت سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے بڑا اعلان کرتے ہوئے ایرانی سپریم لیڈر کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای سمیت 10 اہم ایرانی شخصیات کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے 10 ملین ڈالر تک انعام مقرر کر دیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے Rewards for Justice پروگرام کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان افراد کے بارے میں قابلِ اعتماد معلومات فراہم کرنے والوں کو مالی انعام کے ساتھ ساتھ امریکا منتقل ہونے (Relocation) کی سہولت بھی دی جا سکتی ہے۔

بیان کے مطابق امریکا ان ایرانی شخصیات کے بارے میں معلومات حاصل کرنا چاہتا ہے جن پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ پاسدارانِ انقلاب کے مختلف عناصر کی قیادت اور رہنمائی کرتے ہیں اور مبینہ طور پر عالمی سطح پر دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور معاونت میں ملوث ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جن اہم ایرانی رہنماؤں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر انعام رکھا گیا ہے ان میں مجتبیٰ خامنہ ای، ایرانی وزیر انٹیلی جنس اسماعیل خطیب، نائب چیف آف اسٹاف علی اصغر حجازی، میجر جنرل یحییٰ رحیم صفوی، بریگیڈیئر جنرل اسکندر مومنی اور سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی شامل ہیں۔

امریکی حکام کا مؤقف ہے کہ یہ شخصیات پاسدارانِ انقلاب کے نیٹ ورک کے ساتھ مل کر دنیا کے مختلف حصوں میں کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور ان کی نگرانی کرتی ہیں، اسی لیے ان کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔

دوسری جانب ایران کی جانب سے اس اعلان پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اقدام امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی سیاسی اور عسکری کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔

واضح رہے کہ ایرانی رہنما علی لاریجانی آج تہران میں یوم القدس کی ریلیوں میں شریک ہوئے تھے اور انہوں نے اپنی شرکت کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جس کے بعد امریکا کی جانب سے جاری ہونے والا یہ اعلان مزید توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں، جبکہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان تعلقات پہلے ہی شدید تناؤ کا شکار ہے۔

Related posts

ٹرمپ نے ایران کا افزودہ یورینیم روس منتقل کرنے کی پیوٹن کی تجویز مسترد کر دی

آبنائے ہرمز کی کشیدگی کے بعد روسی تیل کی مانگ میں اضافہ، روس کو یومیہ کروڑوں ڈالر کی آمدنی

ٹرمپ کا دعویٰ — ایران پر مشرقِ وسطیٰ کی تاریخ کے طاقتور ترین حملے، تمام اہداف تباہ