امریکی ٹیرف کے جواب میں چین نے امریکی مصنوعات پر ٹیرف 125 فیصد کردیا

بیجنگ: چین نے امریکی مصنوعات کی درآمد پر عائد ٹیرف میں مزید اضافے کا اعلان کردیا جس سے دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں کے درمیان جاری تجارتی جنگ شدت اختیار کر گئی ہے۔

گزشتہ روز وائٹ ہاؤس کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ چینی مصنوعات پر عائد امریکی ٹیرف کی مجموعی شرح 145 فیصد ہے جس کے بعد آج چین نے امریکی مصنوعات کی درآمد پر عائد ٹیرف کو بڑھا کر 125 فیصد کردیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق چین کے اس جوابی اقدام کے بعد یورپی اسٹاک مارکیٹوں میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، جبکہ ٹوکیو اور سیئول کی مارکیٹیں منفی زون میں بند ہوئیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر متوقع اقتصادی پالیسیوں پر عالمی سرمایہ کاروں کی تشویش کے باعث ڈالر کی قدر یورو کے مقابلے میں تین سال کی کم ترین سطح پر آ گئی جبکہ ین کے مقابلے ڈالر کی قدر 1.3 فیصد گر چکی ہے۔

چینی اسٹیٹ کونسل ٹیرف کمیشن کے مطابق امریکی مصنوعات پر نئے ٹیرف ہفتے سے نافذ العمل ہوں گے جن کی شرح تقریباً ان 145 فیصد ٹیرف کے برابر ہے جو امریکا نے چین پر عائد کیے ہیں۔

چینی وزارت تجارت کے ترجمان نے ٹرمپ کے ٹیرف کو نمبرز کا کھیل اور  ایک مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کا مکمل ذمہ دار امریکا ہے۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق چینی وزارت خزانہ نے کہا کہ ٹیرف کی شرح اس سے زیادہ نہیں بڑھائی جائے گی کیونکہ چینی مارکیٹ میں امریکی مصنوعات کے لیے قبولیت کی کوئی گنجائش باقی نہیں بچی۔ یہ اس بات کی تصدیق ہے کہ ٹیرف کی اس شرح پر امریکی مصنوعات کی درآمدات کا سلسلہ تقریباً بند ہو جائے گا۔

چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ امریکا کی جانب سے عائد کردہ تازہ ٹیرف کے سلسلے میں ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن میں قانونی چارہ جوئی کرے گا۔

Related posts

تہران میں مبینہ روسی Mi-28 جنگی ہیلی کاپٹر کی پرواز؟ امریکی ڈیفنس ویب سائٹ کا دعویٰ، شواہد تاحال غیر مصدقہ

ایپسٹین فائلز: پاکستان براہِ راست نمایاں نہیں، عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے نام سامنے آگئے

کھیل کو سیاست سے الگ رکھا جائے، پاک بھارت میچ کا بائیکاٹ ویک اپ کال ہے: ششی تھرور