دنیا کے کامیاب ترین یوٹیوبر مسٹر بیسٹ کو شادی کے اخراجات کیلئے ادھار لینا پڑگیا

دنیا کے امیر ترین اور کامیاب یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے حال ہی میں شادی کے اخراجات کے لیے والدہ سے رقم ادھار لینے کا اعتراف کیا ہے۔

دنیا بھر میں مقبول یوٹیوبر مسٹر بیسٹ (جمی ڈونلڈسن) نے اپنی مالی صورتحال سے متعلق ایک چونکا دینے والا انکشاف کیا جس نے مداحوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا۔

ارب پتی سمجھے جانے والے مسٹر بیسٹ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ وہ اس وقت ذاتی طور پر بہت کم پیسوں کے مالک ہیں کیونکہ وہ  تمام آمدنی اپنے کانٹینٹ میں لگا دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہم اس سال تقریباً 25 کروڑ ڈالر صرف ویڈیوز پر خرچ کریں گے۔

جمی ڈونلڈسن المعروف مسٹر بیسٹ نے اعتراف کیا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ میں اپنی شادی کے اخراجات کے لیے والدہ سے رقم ادھار لے رہا ہوں۔

فوٹو: اسکرین گریب

یوٹیوبر نے کہا کہ کاغذوں میں میری کمپنیوں کی مالیت کافی زیادہ ہے لیکن میرے ذاتی بینک اکاؤنٹ کی صورتحال کچھ اور ہی کہانی سناتی ہے۔

واضح رہے کہ مسٹر بیسٹ اپنے یوٹیوب چینل پر بڑے انعامات، مقابلے اور سماجی فلاحی کاموں کےلیے جانے جاتے ہیں، حالیہ دنوں میں انہوں نے اپنی نئی رئیلیٹی شو سیریز Beast Games کا آغاز کیا ہے جس میں جیتنے والے کو ایک کروڑ ڈالر کی انعامی رقم دی گئی۔

جمی ڈونلڈسن اور جنوبی افریقی کانٹینٹ کریئٹر تھییا بوئسن 2022 سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اور 2024 میں دونوں کی منگنی ہوئی اور اب جلد شادی متوقع ہے۔

Related posts

امریکا بھر میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف تاریخ ساز مظاہرے، 70 لاکھ سے زائد افراد سڑکوں پر

جمائما گولڈ اسمتھ کی والدہ لیڈی اینابیل گولڈ اسمتھ 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

پاکستان کو آئی ایم ایف کی 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط دسمبر تک ملنے کی توقع: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب