روس اور چین کی ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کی مذمت

روس اور چین کی جانب سے  ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، ایک خودمختار ریاست پر میزائل اور بم حملے کرناغیر ذمے دارانہ فیصلہ ہے۔

روس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ بین الاقوامی قانون، یو این چارٹر اور یو این سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، ہم جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ حالات کو سیاسی اور سفارتی راستے پر واپس لانے کی کوششیں بڑھائی جائیں۔

دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کی جانب سے بھی ایران پر امریکی حملے کی مذمت کی گئی ہے۔

چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران پرامریکی حملہ اقوام متحدہ کےچارٹرکی خلاف ورزی ہے، ایران کی عالمی جوہری ایجنسی کے زیرنگرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملہ قابل مذمت ہے۔

چین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایران پر امریکی حملے سے مشرق وسطیٰ کے کشیدہ حالات مزید بدتر ہوجائیں گے، چین فریقین خصوصاً اسرائیل سے حملے فوری روکنے اور مذاکرات اور بات چیت کی طرف آنے کا مطالبہ کرتا ہے۔

Related posts

مسلمان ملک کا پاسپورٹ دنیا کا سب سے طاقتور قرار، یو اے ای 2025 میں بھی سرفہرست

بھارت میں جعلی ڈگری اسکینڈل بے نقاب، 10 لاکھ سے زائد سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے

جدہ میں 135 ملی میٹر بارش نے تباہی مچا دی، سڑکیں زیرِ آب،گاڑیاں خراب ہوگئیں