12 روزہ جنگ میں اسرائیلی حملوں میں کتنا نقصان ہوا؟ ایران نے تفصیلات جاری کردیں

ایران نے 12 روزہ جنگ کے دوران اسرائیلی فوج کے حملوں میں ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جاری کردیں۔

ایران کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 12 روزہ جنگ کے دوران اسرائیلی فوج کے حملوں میں 610 افراد شہید ہوئے جن میں 2 ماہ کے کم  عمر بچے سمیت 13 بچے شامل تھے، اس کے علاوہ 49 خواتین بھی جان کی بازی ہار گئیں۔

ترجمان نے بتایا کہ صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے 5  طبی کارکن بھی اسرائیلی فوج کے حملوں کا نشانہ بنے۔

وزارت صحت کے ترجمان حسین کرمانپور نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی حملوں میں 4 ہزار 746 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں  971 افراد تاحال اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جبکہ 687 افراد کی سرجریز  بھی ہوئیں۔

ایرانی وزارت صحت کے ترجمان نے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں طبی سہولیات کو پہنچنے والے نقصانات سے بھی آگاہ کیا اور  بتایا کہ اسرائیلی فوج کے حملوں میں 7 اسپتال، 9 ایمبولنسز، 6 ایمرجنسی رسپانس بیسز  اور 4 کلینک تباہ ہوگئے جس سے متاثرہ علاقوں میں طبی امداد کی فراہمی مزید مشکل ہوگئی۔

یاد رہےکہ گزشتہ 12 روز سے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کا سلسلہ جاری تھا تاہم آج امریکا اور قطر کی ثالثی میں ایران اور اسرائیل نے جنگ بندی پر اتفاق کیا۔ 

Related posts

انتہا پسند اسرائیلی وزرا کا غزہ پر جنگ کی واپسی کے لیے حکومت پر دباؤ

طالبان حکومت کا جبر: پاکستان مخالف پروپیگنڈا سے انکار پر افغان نیوز چینل شمشاد کی نشریات بند

حماس نے امریکی محکمہ خارجہ کے الزامات مسترد کر دیے، جنگ بندی کی خلاف ورزی سے انکار