کسی بھی سرحدی خلاف ورزی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے تاہم کسی بھی براہِ راست یا بالواسطہ سرحدی خلاف ورزی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جی ایچ کیو میں 17ویں نیشنل ورکشاپ میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے شرکاء سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے ملکی سلامتی، ترقی اور استحکام سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے، یہاں کے عوام باصلاحیت، باہمت اور محب وطن ہیں، اور وہ ملک کا حقیقی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے اور بااختیار بنانے میں سول سوسائٹی کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔

آرمی چیف نے اس موقع پر بلوچستان کے اقتصادی امکانات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے ترقیاتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کی فلاح و بہبود یقینی بنائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے لیے نوجوانوں کا فعال کردار نہایت اہم ہے، اور ذاتی یا سیاسی مفادات پر مبنی ایجنڈوں کو رد کر کے ملکی مفاد کو مقدم رکھنا وقت کی ضرورت ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مزید کہا کہ “فتنہ الہند اور فتنہ الخوارج” جیسے عناصر شر انگیزی اور ترقی مخالف بیانیہ پھیلانے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں، تاہم ریاست اور قوم ایسے منفی عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ورکشاپ کے اختتام پر تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد کیا گیا جس میں شرکاء نے قومی سلامتی اور ترقی سے متعلق مختلف سوالات پوچھے۔

Related posts

ایف سی کی کارروائی، جنوبی وزیرستان سے افغان خودکش بمبار گرفتار

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی شاندار تقریب، فیلڈ مارشل عاصم منیر مہمانِ خصوصی

مہمند میں پاک فوج کا خفیہ آپریشن — فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام، 50 دہشتگرد ہلاک