ٹانک:خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں سکیورٹی فورسز نے بھارتی اسپانسرڈ فتنہ خوارج کے خلاف کامیاب آپریشن کے دوران 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کو علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی تھی، جس پر فوری کارروائی کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 8 خوارج ہلاک ہو گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں پر متعدد حملوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا عزم
آئی ایس پی آر کے مطابق
“سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف اپنی مہم جاری رکھیں گے۔ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے فتنے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔”
وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا خراجِ تحسین
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ٹانک میں فتنہ خوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ
“8 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتا ہوں۔ افسران اور جوانوں کی بہادری پر پوری قوم کو فخر ہے۔”
وزیرِ داخلہ نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز پُرعزم اور متحرک ہیں، اور اس جدوجہد کو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رکھا جائے گا۔