خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 9 دہشتگرد ہلاک

خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ضلع ٹانک اور لکی مروت میں کی گئیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ٹانک میں فتنۃ الخوارج کے ایک ٹھکانے پر کی گئی کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 7 دہشتگرد مارے گئے۔ جبکہ لکی مروت میں کیے گئے الگ آپریشن میں مزید 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ مارے گئے دہشتگرد مختلف تخریبی اور دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ دہشتگرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے کے لیے متعلقہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں اور ملک سے دہشتگردی کا ناسور ختم ہونے تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ملکی قیادت کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دونوں کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ قومی قیادت نے کہا کہ فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرکے دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنا دیے، اور قوم کو ان کی جرات اور بہادری پر فخر ہے۔

رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ خیبر پختونخوا اور ملک بھر میں امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کوششیں جاری رہیں گی.

Related posts

قلات میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی — بھارتی سرپرستی یافتہ 12 دہشتگرد ہلاک

ڈی جی آئی ایس پی آر کا الزام: عمران خان ریاست مخالف بیانیہ دے رہے ہیں

ریاست پاکستان سے بڑھ کر کچھ نہیں، ایک شخص قومی سکیورٹی تھریٹ بن چکا ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر