چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کرسمس کے موقع پر راولپنڈی کے کرائسٹ چرچ میں منعقدہ تقریبات میں شرکت کی اور مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مسیحی برادری کے ساتھ خوشیوں کے اس موقع کو منایا اور امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے بانی پاکستان کے مساوات، آزادی اور مذہبی رواداری کے وژن کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کے نظریے کی بنیادی روح ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تقریب میں شریک افراد سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ترقی اور سلامتی میں پاکستانی مسیحی برادری کی خدمات کو سراہا اور بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور قومی اتحاد کی اہمیت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت مساوی مواقع اور آئینی اقدار میں مضمر ہے، جو مذہب، نسل، ذات اور عقیدے سے بالاتر ہیں۔ انہوں نے شہریوں کی عزت، سلامتی اور مساوی حقوق کے تحفظ کے لیے افواجِ پاکستان کے پختہ عزم کا بھی اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ مسیحی برادری کے رہنماؤں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورے پر شکریہ ادا کیا اور وطن کے دفاع، مذہبی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔