باجوڑ: خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں سکیورٹی فورسز کے خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران بھارتی اسپانسرڈ پانچ خوارج ہلاک ہوگئے، جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے افسر میجر عدیل زمان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خار، باجوڑ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، جس کے دوران سکیورٹی اہلکاروں اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس دوران میجر عدیل زمان شہید ہوگئے، جن کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا۔ بیان کے مطابق میجر عدیل زمان نے فرنٹ سے جوانوں کی قیادت کی اور بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز پرعزم ہیں۔