راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارتی اسپانسرڈ پراکسیز کی جانب سے بلوچستان میں تشدد اور بے امنی کا منظم پروپیگنڈا جاری ہے، تاہم پاکستان کی علاقائی سالمیت کی کسی بھی بلاواسطہ یا بالواسطہ خلاف ورزی کا سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بلوچستان سے متعلق 18ویں قومی ورکشاپ کے شرکاء نے ملاقات کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ پراکسیز بلوچستان میں ترقی کے عمل میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہی ہیں، مگر سکیورٹی فورسز ان کے مذموم عزائم کو سخت کارروائیوں کے ذریعے ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں اور سکیورٹی فورسز صوبے کو دہشت گردی اور بے چینی سے مکمل نجات دلائیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے بلوچستان کی ترقی اور پاکستان کے لیے اس کی اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کی حوصلہ مندی اور حب الوطنی قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوامی مرکزیت پر مبنی ترقیاتی منصوبے جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ سول سوسائٹی کا کردار منفی پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے میں نہایت اہم ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ ذاتی سیاسی ایجنڈوں کو مسترد کرنا ناگزیر ہے تاکہ بلوچستان کا مستقبل طویل المدتی خوشحالی اور استحکام پر استوار ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ عناصر صوبے میں بے امنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم پاکستان آرمی شہریوں کی حفاظت کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیشن کا اختتام سوال و جواب کی نشست پر ہوا، جس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شرکاء کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیے۔