خاران میں دہشت گردوں کی بینکوں اور پولیس اسٹیشن پر یلغار، سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی، 12 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع خاران میں دہشت گردوں کی جانب سے بینکوں اور سکیورٹی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں 12 دہشت گرد مارے گئے جبکہ علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی حمایت یافتہ 15 سے 20 دہشت گردوں پر مشتمل گروہ نے خاران شہر میں دہشت گردی کی منظم کارروائیاں کیں۔ دہشت گردوں نے سٹی پولیس اسٹیشن اور دو نجی بینکوں کو نشانہ بنایا، جہاں سے انہوں نے تقریباً 34 لاکھ روپے لوٹ لیے۔

فوج کے ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے پولیس اسٹیشن میں یرغمالی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش بھی کی گئی، تاہم سکیورٹی فورسز اور پولیس کی فوری جوابی کارروائی کے باعث ان کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے گئے۔ بروقت ردعمل نے بڑے جانی نقصان کو روک لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران تین مختلف مقامات پر جھڑپیں ہوئیں، جن میں 12 دہشت گرد مارے گئے جبکہ باقی حملہ آور فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔ علاقے میں ممکنہ طور پر چھپے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔

فوجی ترجمان نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف عزمِ استحکام کے تحت مہم پوری شدت سے جاری رہے گی اور ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سکیورٹی فورسز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔

Related posts

قومی بیانیے کے فروغ پر اتفاق، این پی اے سی کی پاک فوج سے مکمل تعاون کی یقین دہانی

خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابیاں، دو الگ کارروائیوں میں 11 خوارج ہلاک

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بنگلا دیشی فضائیہ کے سربراہ کی ملاقات دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال