اسلام آباد: افواجِ پاکستان بدلتے ہوئے جنگی ماحول اور جدید عسکری تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے ملٹی ڈومین آپریشنز کی بھرپور تیاری میں مصروف ہیں۔ حالیہ جنگی مشقوں میں فضائی، زمینی، الیکٹرانک اور سائبر آپریشنز کو مربوط حکمتِ عملی کے تحت یکجا کر کے عملی مظاہرہ کیا گیا، جو جدید دور کی جنگی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔
ذرائع کے مطابق ان مشقوں کے دوران ملٹی ڈومین آپریشنز کے تصور کے تحت دشمن کے خلاف فضائی طاقت، دور مار ہتھیاروں، کثیرالمقاصد ڈرونز اور زمینی فورسز کو ایک مربوط نظام کے طور پر استعمال کیا گیا۔ اس حکمتِ عملی کا مقصد دشمن کی نقل و حرکت کو محدود کرنا اور میدانِ جنگ میں اس کی مؤثر کارروائی کی صلاحیت کو ختم کرنا تھا۔
جنگی مشقوں میں الیکٹرانک وارفیئر کو بھی مرکزی حیثیت دی گئی، جہاں دشمن کے مواصلاتی نظام، ریڈار اور کمانڈ اینڈ کنٹرول نیٹ ورک کو جام کرنے کی عملی مشقیں کی گئیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سائبر اور انفارمیشن آپریشنز کے ذریعے دشمن کی فیصلہ سازی کی صلاحیت کو مفلوج کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
ملٹی ڈومین آپریشنز کے تحت شدید اور ہدفی بمباری، سائبر حملوں اور نفسیاتی و معلوماتی کارروائیوں کو یکجا کر کے یہ ظاہر کیا گیا کہ جدید جنگ میں صرف روایتی ہتھیار ہی نہیں بلکہ ڈیجیٹل اور انفارمیشن ڈومین بھی فیصلہ کن کردار ادا کرتا ہے۔
عسکری ماہرین کے مطابق یہ جنگی مشقیں افواجِ پاکستان کی اس جامع منصوبہ بندی کا واضح ثبوت ہیں جس کے ذریعے کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ جہتی صلاحیتیں بروئے کار لائی جا سکتی ہیں۔ مشقوں نے یہ بھی ثابت کیا کہ افواجِ پاکستان نہ صرف ملٹی ڈومین آپریشنز کی منصوبہ بندی رکھتی ہیں بلکہ ان کے مؤثر اور عملی نفاذ کی مکمل صلاحیت بھی رکھتی ہیں۔
دفاعی حلقوں کا کہنا ہے کہ ان مشقوں کے ذریعے افواجِ پاکستان نے واضح پیغام دیا ہے کہ وہ جدید جنگی تقاضوں سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہیں اور ملکی سلامتی کے دفاع کے لیے ہر سطح پر تیار ہیں۔