پنجاب کے مختلف علاقوں میں 24 گھنٹوں کے دوران آندھی اوربارشوں سے حادثات میں 28 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ترجمان پنجاب ریسکیو کے مطابق لاہورکے علاقے ہربنس پورہ میں کرنٹ لگنے سے بھائی اور بہن سمیت12 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ شیرا کوٹ میں 20 سالہ نوجوان اور بہاولنگر کے علاقے منچن آباد میں مدرسے کی چھت گرنے سے 2 طالب علم جاں بحق ہوئے، مدینہ ٹاؤن میں کرنٹ لگنے سے 10 سالہ بچہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
ریسکیو ترجمان نے بتایا کہ اوکاڑہ کے علاقے نعیم آباد میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افرادجاں بحق ہوئے، پاکپتن کے مختلف علاقوں میں دیوار اور چھت گرنے سے 2 بچے جب کہ بھکر کے علاقے جہان خان میں چھت گرنے سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔
اس کے علاوہ صوبے میں بارش سے ہونے والے مختلف حادثات میں 92 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔