لاہور پولیس نے مولانا ہدایت الرحمان کی زیر قیادت "حق دو بلوچستان لانگ مارچ” کو اسلام آباد روانہ ہونے سے روک دیا۔
لاہورمیں پولیس کی بھاری نفری منصورہ کے باہر جمع ہوگئی اور مولانا ہدایت الرحمن کی زیر قیادت حق دو بلوچستان لانگ مارچ کو اسلام آباد روانہ ہونے سے روکا۔
سینیئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب حکومتی وفد ہمراہ منصورہ پہنچیں اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں سےمذاکرات کیے اور جماعت کے رہنماؤں کی وزیراعلیٰ مریم نوازسے ٹیلی فون پربات بھی کروائی گئی۔
وزیراعلیٰ نے جماعت اسلامی سے رابطے کیلئے کمیٹی بنانے کی تجویز دی لیکن جماعت اسلامی کے رہنما لانگ مارچ اسلام آباد لے جانے سے پیچھے نہ ہٹے۔
پنجاب حکومت اور جماعت اسلامی میں ” حق دو بلوچستان لانگ مارچ” رکوانے کیلئے مذاکرات بے نتیجہ رہے جبکہ جماعت اسلامی اسلام آباد جانے کیلئے ڈٹ گئی۔
میڈیا سے گفتگو میں لیاقت بلوچ کاکہناتھا کہ حکومتی وفد پر واضح کردیا ہے کہ لانگ مارچ ہر صورت اسلام آباد پہنچے گا، دونوں اطرف سےکمیٹی بنانے پر اتفاق ہوا ہے، امید ہے کہ حل نکل آئے گا۔
لانگ مارچ کے قائد مولانا ہدایت الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمارا احتجاج پرامن ہے اور پروگرام کے مطابق اسلام آباد جائیں گے۔
جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ مارچ بدھ کی صبح منصورہ سے اسلام آباد روانہ ہوگا۔
خیال رہے کہ جماعت اسلامی کا حق دو بلوچستان لانگ مارچ گزشتہ روز لاہور پہنچا تھا۔