عمران نے بچوں کو پاکستان آنے سے نہیں روکا، بچوں کا نائیکوپ گم ہوگیا ہے: علیمہ خان

راولپنڈی: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے حال ہی میں خیبر پختونخوا سے سینیٹ کا الیکشن جیتنے والی مشال یوسفزئی کی نامزدگی کو میرٹ کے برخلاف قرار دیدیا۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشال یوسفزئی سے متعلق سوال پر علیمہ خان کا کہنا تھا میں ایسے لوگوں سے متعلق بات کرکے اپنا وقت ضائع نہیں کرنا چاہتی۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا انصاف ہونا چاہیے تھا، سینیٹرز کا انتخاب میرٹ پر ہونا چاہیے تھا، میرٹ کی بات ہو تو مشال کے علاوہ اور بہت لوگ کوالیفائی کرتے ہیں۔

عمران خان کے بیٹوں کی پاکستان آمد سے متعلق سوال پر علیمہ خان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی کے بچوں کے پاس نائیکوپ ہے لیکن گم ہو گیا ہے، بانی پی ٹی آئی کے بچوں نے نائیکوپ اور ویزے کے لیے درخواست دی ہے، حیرانی ہے سفارت خانے والے کہہ رہے ہیں کوئی درخواست نہیں دی، بچوں نے جو درخواست دی ہے میرے پاس اسکا ٹریکنگ نمبر ہے۔

ان کا کہنا تھا ایک دوست نے سفیر کو فون کیا تو اس نے کہا وزارت داخلہ سے اجازت لینی ہے، میں نے ان سے کہا اجازت جسے بھی لینی محسن نقوی سے لے لیں، کل خبر آئی وزارت داخلہ نے نہیں وزارت خارجہ نے ویزا دینا ہے، اب ایمبیسڈر صاحب کسی بات کا جواب نہیں دے رہے، ایمرجنسی میں تو ایک گھنٹے میں ویزا لگتا ہے۔

پی ٹی آئی کی تحریک سے متعلق سوال پر علیمہ خان کا کہنا تھا تحریک کیلئے لوگوں نے خود فیصلہ کرنا ہے، ہم اپنے بھائی کی رہائی کی کوشش کررہے ہیں، ہم دو سال سے جیل آرہے ہیں عدالتوں میں ہیں، تحریک بچوں سے منسوب نہیں تحریک رہائی تک چلنی ہے، ہم تحریک کا حصہ ضرور بنیں گے ہمیں گرفتار کرنا ہے تو کر لیں۔

علیمہ خان کا کہنا تھا عمران خان سے پوچھا گیا کیا آپ کے بچے آرہے ہیں، جس پر انہوں نے کہا تحریک چلانے کیلئے انکا والد ہی کافی ہے، بانی نے اپنے بچوں کو پاکستان آنے سے نہیں روکا یہ جھوٹ ہے۔

Related posts

ایک سیاسی جماعت سیاسی دجال کا کام کر رہی ہے، عوام اور افواج میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے: بلاول بھٹو

پی ٹی آئی کا قومی کانفرنس کے لیے پیپلز پارٹی سے رابطہ کرنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کو مذاکرات کی اجازت نہیں تھی، بانی پی ٹی آئی محاذ آرائی کر رہے ہیں: رانا ثنا اللہ