توشہ خانہ 2کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی عدالت میں پیش، گواہ کابیان قلمبند

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور  ان کی اہلیہ  بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس میں گواہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر  نیب آفتاب احمد کا بیان قلم بند ہو گیا۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت اڈیالا جیل میں قائم خصوصی عدالت میں ہوئی۔ 

 بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو  عدالت میں پیش کیا گیا، کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی۔

آج کی سماعت کے دوران نیب کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آفتاب احمد نے بطور گواہ اپنا بیان قلم بند کروایا۔

بشریٰ بی بی کے وکیل ارشد تبریز نے آفتاب احمد پر جرح مکمل کرلی جبکہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوسین مفتی آئندہ سماعت پر جرح کریں گے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر  2 مزید گواہوں کو طلب کر لیا ہے جن کے بیانات قلم بند کیے جائیں گے، کیس کی سماعت 6 اگست تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی ان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان خان سے ایک گھنٹے سے زائد وقت تک فون پر بات کرادی گئی۔

ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا گزشتہ روز فون پر بات کرکے معلوم ہوا بچوں کا نائیکوپ ایکسپائر ہوا ہے، میں نےکبھی نہیں کہا میرے بچےاحتجاجی تحریک کیلئے پاکستان آئیں گے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ان کے بچے اگر ملاقات کیلئے آنا چاہتے ہیں تو ضرور آئیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہےکہ بانی پی ٹی آئی کے اخبار  اور  ٹی وی سمیت جیل سہولیات بھی بحال کر دی گئی ہیں۔

Related posts

پیپلز پارٹی نے حکومت کو وعدوں پر عملدرآمد کے لیے ایک ماہ کی مہلت دے دی

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ: سیز فائر کے دوران پاکستانی سکیورٹی فورسز نے 100 سے زائد خوارج ہلاک کیے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی: افغانستان سمیت جو بھی حملہ کرے گا، بھرپور جواب دیا جائے گا