پاکستان فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے رہنما ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بزنس کمیونیٹی کی بات کو سمجھا اور اس پر ایکشن لیا ہے جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صنعت کار ایس ایم تنویر کا کہنا تھاکہ جہاں بزنس کمیونٹی کا مسئلہ آئے گا، ہم سب ساتھ کھڑے ہوں گے، ہم نے اپنے ملک کی معیشت کو کھڑا کرنا ہے، بزنس مین کو ڈرائیں گے تو وہ کہیں اور چلا جائے گا، ٹیکس دینا چاہتے ہیں جو ٹیکس نہیں دے رہا ہم اس کے ساتھ نہیں۔
انہوں نے کہاکہ فون آیا کہ فیلڈ مارشل ہمارے ساتھ ڈنر کرنا چاہتے ہیں، ہماری فیلڈ مارشل سے ڈھائی سے 3 گھنٹے کی ملاقات تھی جس میں انہوں نے ہم سب کی بات تفصیل سے سنی۔
ایس ایم تنویر کا کہنا تھاکہ فیلڈ مارشل نے کہا 2 سال سے تاجربرادری کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہوں، فیلڈ مارشل نے ہماری بات کو سمجھا اور اس پر ایکشن لیا، میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ بھارت پر 50 فیصد ٹیرف لگا ہے، ہمیں اس سے بڑا موقع نہیں ملے گا، ہارون اختر کی بہت سپورٹ تھی وہ بزنس کمیونٹی سے ملتے رہے، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کا تاجربرادری کی جانب سے شکریہ ادا کرتا ہوں، فیلڈ مارشل عاصم منیرکو سیلوٹ، بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کیے۔
ایس ایم تنویر کا کہنا تھاکہ پاک فوج نے بھارت کو جس بہادری سے ہرایا مثال نہیں ملتی، پاکستان کو ایشین ٹائیگربنانےکیلئے فیلڈمارشل کے ساتھ کھڑے ہیں، ایف پی سی سی آئی نے ڈیڑھ سال آئی پی پیزپرجنگ لڑی، بجلی قیمت 9 سینٹ، شرح سود 9 فیصد کرناوقت کی اہم ضرورت ہے، حکومت تاجروں کوسپورٹ کرے تو کوئی پاکستان کوایشین ٹائیگربننے سے نہیں روک سکتا۔