گلگت کے دنیور نالے میں لینڈ سلائیڈنگ، ملبے تلے دب کر 7 رضاکار جاں بحق

گلگت کے دنیور نالہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث  7 رضاکار ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق مقامی رضاکار سیلاب سے متاثرہ واٹر چینل کی بحالی کا کام کر رہے تھے کہ ان  پر مٹی کا  تودہ آگرا۔ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ملبے تلے دب کر 7 رضاکار جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد ملبے تلے دب کر زخمی بھی ہوئے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی 3 افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ  مقامی افراد کی جانب سے ریسکیو کا بھی عمل جاری ہے۔ دوسری جانب اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

اس حوالے سے ترجمان صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں موسمیاتی تبدیلیاں عروج پر ہے اور گلیشیئر پگھلنے سے سیلاب کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے، شیشپر نالے سے پانی کے بہاؤ میں اضافے کے بعد نالے میں سیلاب آگیا ہے، سیلاب سے متصل آبادیوں کی زمینوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت نے بتایا کہ دنیور نالے میں مٹی کا تودہ گرنے سے 7 افراد جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوئے، دنیور نالے میں امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

صوبائی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیلاب سے لوگوں کی زرعی زمینیں متاثر ہوئی ہیں اور درخت بہہ گئے ہیں، سیلاب سے قراقرم ہائی وے بھی متاثر ہوا ہے اور شاہراہ ہنزہ ایک بار پھر بند ہو گئی ہے۔

ترجمان صوبائی حکومت کے مطابق شاہراہ قراقرم کےکٹاؤ کی وجہ سے ہنزہ کیلئے ٹریفک کو نگر کے روڈ سے گزارا جا رہا ہے۔

Related posts

پنجاب میں تاریخی، ٹیکنالوجی پر مبنی جھینگوں کی افزائش اور بلیو اکانومی کا آغاز

سابق ترجمان محمد زبیر نے نواز شریف، جنرل باجوہ اور ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر اہم انکشافات کر دیے

اسلام آباد: موجودہ حکومت کے ابتدائی 20 ماہ میں وفاقی قرضوں میں 12 ہزار ارب روپے سے زائد اضافہ