امیر جماعت اسلامی حافظ انجئینر نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جب تک معاشی طورپر مضبوط نہیں ہوں گے اس وقت تک بین الاقوامی سطح پر کمپرومائز کرنا ہوگا، یقینا معاشی مشکلات سے باہر نکل آئیں گے لیکن ہمیں قرضہ لینے کی طرف نہیں جانا چاہیئے۔ بولے میرا برینڈ پاکستان حکمرانوں کو بتا رہا ہے کہ سب کچھ ہو سکتا ہے۔
یوم آزادی پر ایکسپوسنٹر لاہور میں میرا برینڈ پاکستان ایکسپو 2025 کے پہلے روزافتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے انجئینر نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک صدر وزیر اعظم یا بیوروکریٹ کا نہیں ،پاکستانیوں کا ہے ہمیں اس آزادی کی ضرورت ہے جس میں پالیسیاں خود بنائیں قوم کو آگے بڑھائیں یہ تبھی ممکن ہے جب ہماری معیشت آزاد ہو آئی ایم ایف کی غلام نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطین میں بے گناہ لوگوں کا قتل عام کررہا ہے تو ہم اس ظالم کی مصنوعات کیوں خریدیں ہم پاکستانی برینڈز کو پرموٹ کریں گے تاکہ ملکی معیشت مضبوط ہو۔ان کا کہنا تھا کہ ، میرا برینڈ پاکستان زبردست آئیڈیا ہے پاکستانی پروڈکٹس کو آگے بڑھائیں گے،،،،،لاہور ہی نہیں بلکہ اسلام آباد فیصل آباد گوجرانوالہ سمیت ڈھاکہ ،اور استنبول میں بھی پاکستانی پروڈکٹ کو لے جانا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح بزنس کمیونٹی نے ساتھ دیا ، وہ قابل ستائش ہے اور ایکسپو میں بزنس کمیونٹی کے تعاون سے 80 کمپنیوں کے 200 سے زائد برانڈز کے اسٹال موجود ہیں جو خوش آئند ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے میرا برینڈ پاکستان ایکسپو2025 نمائش کا دورہ کیا اور سٹالز پر پاکستانی مصنوعات کو سراہا۔ اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ابوزر شاد ، پیاف کے پیٹرن ان چیف انجم نثار اور الخدمت فائونڈیشن کے صدر حفیظ الرحمن پاکستان بزنس فورم کے لاہور کے صدر اور آرگنائزر اعجاز تنویر بھی ہمراہ تھے ۔