اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے وفاقی وزیر اور وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کی غیر موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس چیئرمین ثناءاللہ مستی خیل کی زیر صدارت ہوا۔
چیئرمین کمیٹی ثناءاللہ مستی خیل کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا اگست کا مہینہ مقدس مہینہ ہے، عوام متحد ہیں، سب نے مل کر پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے، ملک سب سے پہلے ہے، سیاست بعد میں ہوتی رہے گی۔
ان کا کہنا تھا راناثناء اللہ کے ساتھ میرا بہت پیار والا تعلق ہے، میں ان کی بھائیوں کی طرح عزت کرتا ہوں، رانا ثناء اللہ کمیٹی میں نہیں آتے، اگلی بار رانا ثناء اللہ نہ آئے تو کمیٹی اجلاس نہیں ہو گا۔
کمیٹی ممبران نے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متفقہ طور پر اگلے اجلاس میں رانا ثناء اللہ کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔