لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہےکہ سیلابی صورتحال میں انتظامی غفلت کی وجہ سے کوئی جان نہیں گئی۔
شاہدرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہمارے 3 دریاؤں پر پانی کا شدید دباؤ ہے اور ہمارے دریاؤں میں گنجائش سے زائد پانی آیا جس کی توقع نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی انتظامیہ نے 50 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا ہے، سیلاب متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کریں گے، انتظامی غفلت کی وجہ سے کوئی جان نہیں گئی، جن لوگوں نے آبی راستوں میں اپنے گھر بنا لیے ہیں ان کو ہٹائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نارووال مکمل ڈوبا ہوا ہے، گجرات اور سیالکوٹ میں بری صورتحال ہے تاہم انتظامیہ نے لوگوں کی مدد کی جس پر تمام ڈی سیز ، سول ڈیفنس اور ریسکیو اداروں کو شاباش دیتی ہوں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ میں نے راوی میں کبھی اتنا پانی نہیں دیکھا، ہمیں اپنے انفرا اسٹرکچر ، واٹر اسٹوریج اور ڈیمز بنانا چاہئیں پانی اللہ کی نعمت ہے، پانی اسٹورکرنےکے لیے اسٹرکچر بنانا بہت ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ اداروں کو کہا ہے کہ پروگرام بنا دیں کہ بارش کے پانی کو کیسے ہارویسٹ کرسکتےہیں، سیلابی پانی کو کس طرح سے اسٹور کرسکتے ہیں۔