صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ گزشتہ 10 دنوں سے سیلاب زدہ علاقوں میں موجود ہیں اور ریلیف سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں سیت پور، علی پور، جلال پور، پیرووالہ، لیاقت چوک میں سیلاب متاثرین کے لئے عارضی ٹینٹ سٹی کے قیام میں حصہ لیا۔ لوگوں کو سیلابی پانی سے کشتیوں کے ذریعے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کروایا اور ان میں صبح، دوپہر، شام کھانے کی تقسیم کو یقینی بنایا۔ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات / قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے نہ صرف دن کے اوقات بلکہ رات کے وقت بھی 20 گھنٹے سے زائد جاگ کر لوگوں کو مدد فراہم کی۔ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات نے کہا ہے کہ جس طرح صوبائی وزراء نے کام کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف مشکل کی اس گھڑی میں عوام الناس کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہیں۔ صوبائی وزیر مریم اورنگزیب خود ریلیف سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے علاوہ ان کے جانوروں کے لئے بھی چارہ اور ونڈہ کا بندوبست کیا جارہا ہے۔ پوری انتظامیہ، مشینری اور تمام محکمے فیلڈ میں کام کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات نے بتایا کہ سی اینڈ ڈبلیو کا عملہ فیلڈ میں موجود ہے اور بھاری مشینری کی مدد سے رابطہ سڑکوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ جلال پور پیرووالہ میں 7 کلو میٹر طویل بند بنانے میں مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں سیلاب سے متاثر ہونے والی شاہراہوں، پلوں، آرٹیریل اور کولکٹر روڈز کی بحالی کا کام دن رات جاری ہے۔ علی پور اور سیت پور میں ٹینٹ سٹی کو بنانے میں کام کرنے والے سی اینڈ ڈبلیو کے اہلکاروں کو صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے شاباش دی اور کہا کہ جس طرح سی اینڈ ڈبلیو اور دیگر محکموں کے عملے نے کام کیا ہے ان کا یہ کام قابلِ تحسین ہے۔ صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب حکومت سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مکمل بحالی تک متحرک رہے گی اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ بھی لگایا جارہا ہے تاکہ ان کے لئے ریلیف پیکج کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جلد سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کا عمل مکمل ہوگا۔