جلال پور پیر والا کے قریب سیلابی پانی آنے کی وجہ سے موٹروے ایم 5 کو عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستوں پر ڈائیورشن پلان جاری کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ملتان سے سکھر جانے والی ٹریفک کو شاہ شمس انٹرچینج سے قومی شاہراہ پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اوچ شریف انٹرچینج سے دوبارہ موٹروے ایم 5 جوائن کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح سکھر سے ملتان آنے والی ٹریفک بھی اوچ شریف انٹرچینج سے قومی شاہراہ کے ذریعے رواں دواں ہے۔ شاہ شمس انٹرچینج سے مسافر موٹروے ایم 4 کو بھی جوائن کر سکتے ہیں۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ افسران موقع پر موجود ہیں اور روڈ یوزرز کی رہنمائی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔