وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی عوام اور حکومت کی جانب سے وہ سعودی قیادت اور عوام کو نہایت گرمجوشی کے ساتھ مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاض کے حالیہ تاریخی دورے کے دوران ملنے والا والہانہ استقبال اور محبت سے بھرپور مہمان نوازی ان کے لیے باعثِ افتخار اور خوشی کا سبب ہے۔ وزیراعظم نے ایک بار پھر سعودی عوام اور قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دین اسلام، تاریخ، بھائی چارے اور باہمی اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں جو ہمیشہ قائم و دائم رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے عظیم الشان ترقیاتی سفر پر فخر کرتا ہے جو ولی عہد محمد بن سلمان کی بصیرت افروز قیادت میں جاری ہے۔ آج سعودی عرب عالمی برادری میں بلند مقام پر فائز ہے جو ان کی بصیرت اور دانشمندی کی روشن مثال ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مئی 2025 میں بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران سعودی عوام اور قیادت کی طرف سے اظہار یکجہتی پاکستانی قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ اسی طرح سعودی عرب کے معاشی تعاون نے پاکستان کی معیشت کو سہارا دیا جس پر پاکستانی عوام نہایت شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں پاکستانی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور وہاں کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستانی برادری کی خدمات دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید خوشگوار، خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے میں معاون ثابت ہو رہی ہیں۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مملکت سعودی عرب کو ہمیشہ ترقی اور عظمت سے نوازے۔
حالیہ مہینوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون معاہدے اور بڑے معاشی پیکجز طے پائے ہیں جن کے تحت توانائی، معدنیات اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ دونوں ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ خطے میں امن، ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے لیے قریبی اشتراک کو مزید وسعت دی جائے گی۔