کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں اپنی جماعت کی شاندار کامیابی پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نومنتخب نمائندوں کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنان کی دن رات محنت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے کشمور تک عوام نے ایک بار پھر پیپلز پارٹی پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ یہ کامیابی عوام کے قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جماعت سے گہرے رشتے کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بھرپور حمایت سے پیپلز پارٹی کے عزم کو مزید تقویت ملی ہے اور پارٹی مزید جوش و جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت جاری رکھے گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو دیا گیا ہر ووٹ جمہوریت، عوامی حقوق کے تحفظ اور ایک ترقی پسند و خوشحال پاکستان کے وژن کے حق میں ڈالا گیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی بلدیاتی اداروں کے استحکام اور ہر محلے، گاؤں اور شہر کی ترقی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ میں مستحکم بلدیاتی نظام نچلی سطح تک وسائل اور اختیارات کی منصفانہ تقسیم اور پائیدار ترقی کی ضمانت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا ویژن دیگر جماعتوں کے لیے ایک قابل تقلید مثال ہے۔
انہوں نے پنجاب کے عوام کے حوالے سے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ سب سے بڑے صوبے کے شہری طویل عرصے سے فعال بلدیاتی نظام سے محروم ہیں، اگر وہاں منتخب ادارے موجود ہوتے تو سیلاب متاثرین کی امداد میں رکاوٹیں پیش نہ آتیں۔
بلاول بھٹو نے تمام جماعتوں اور شہریوں سے اپیل کی کہ ہم سب مل کر ایک ایسا پاکستان تعمیر کریں جہاں جمہوریت پھلے پھولے اور ہر شہری عزت و وقار کے ساتھ زندگی گزارے۔