مریم نواز پنجاب کا اصل مسئلہ ہیں، عوامی نہیں: ندیم افضل چن

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مسائل کی نشاندہی کرنے والوں کو پنجاب دشمن قرار دینے والی مریم نواز ہی پنجاب کا اصل مسئلہ ہیں۔

ندیم افضل چن نے اپنے بیان میں کہا کہ:
• پنجاب کی سینکڑوں کلومیٹر اراضی پانی میں ڈوبی ہوئی ہے جبکہ مریم نواز کے حواسوں پر بلاول بھٹو سوار ہیں۔
• سیلاب کے باعث رہائشی آبادیوں سے لے کر اسکول، اسپتال اور سڑکیں ابھی تک پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔
• مریم نواز سیلاب متاثرین کو ریلیف دینے میں ناکامی چھپانے کے لیے نسل پرستانہ سوچ کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔
• میں پنجابی ہوں اور پنجابیوں کو سیلاب میں ڈبونے والی مریم نواز کے ساتھ صوبے کے عوام کھڑے نہیں ہیں۔

پیپلز پارٹی رہنما نے مزید کہا کہ اربوں روپے کے زرعی نقصان کے باوجود وزیراعلیٰ پنجاب تباہ حال کسان کے بجائے “رضی دادا” کو یاد کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام جلسے نہیں بلکہ لوکل گورنمنٹ کے انتخابات مانگتے ہیں۔ لیکن مریم نواز کی ترجیحات صرف سیلف پروجیکشن اور عوام کو حقیقی مسائل سے ہٹانا ہیں۔

ندیم افضل چن نے خبردار کیا کہ ملک پر فوڈ سیکیورٹی کے بحران کا خطرہ منڈلا رہا ہے، جس کی براہ راست ذمہ دار سیلاب کے بحران سے نمٹنے میں ناکام مریم نواز ہیں۔

Related posts

ایک سیاسی جماعت سیاسی دجال کا کام کر رہی ہے، عوام اور افواج میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے: بلاول بھٹو

پی ٹی آئی کا قومی کانفرنس کے لیے پیپلز پارٹی سے رابطہ کرنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کو مذاکرات کی اجازت نہیں تھی، بانی پی ٹی آئی محاذ آرائی کر رہے ہیں: رانا ثنا اللہ