لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے “ستھرا پنجاب” پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صفائی ستھرائی کے شعبے سے متعلق کئی اہم اعلانات کیے اور ستھرا پنجاب کے ورکرز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تقریب کے دوران ستھرا پنجاب کے ڈیڑھ لاکھ ورکرز کے لیے راشن کارڈ لانچ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ورکرز پنجاب کے اصل ہیروز ہیں، جنہوں نے شہر، دیہات، گلی محلوں اور سڑکوں کو صاف رکھنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کی ٹیم کی وردی پہن کر انہیں فخر محسوس ہو رہا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ “اگر بطور وزیراعلیٰ میں کمانڈوز کی وردی پہن سکتی ہوں تو اپنی صفائی ٹیم کی وردی کیوں نہیں پہن سکتی۔”
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ستھرا پنجاب — سب ان کی ٹیم کا حصہ ہیں، جنہوں نے سیلاب کے دوران شاندار خدمات انجام دیں۔
ان کے مطابق، ستھرا پنجاب کی ٹیم نے انسانی زنجیر بنا کر سیلابی ریلوں کو روکا، حالانکہ یہ ان کے دائرہ کار میں شامل نہیں تھا لیکن انہوں نے انسانی ہمدردی کے تحت دن رات کام کیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ “میں لوگوں کے خواب پورا کرنے کی کوشش کرتی ہوں اور ستھرا پنجاب کی ٹیم نے میرا خواب پورا کیا ہے۔”
انہوں نے ستھرا پنجاب کے ورکرز کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا کوئی کونا ایسا نہیں جو اب صاف نہ ہو — “بیٹیاں اپنے گھروں کو صاف رکھتی ہیں، آج پنجاب کا ہر کونا چمک رہا ہے۔”
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے ڈیڑھ لاکھ ملازمین اور 35 ہزار مشینری آئٹمز پر مشتمل ستھرا پنجاب ٹیم تشکیل دی ہے، جب کہ ماضی میں صفائی کا نظام صرف چند شہروں تک محدود تھا۔
انہوں نے کہا کہ اب ہر ضلع کے پاس اپنی مشینری موجود ہے، دوسرے اضلاع سے مانگنے کی ضرورت نہیں۔
مریم نواز نے سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “شہباز شریف کی حکومت ختم ہوتے ہی صفائی کا نظام بھی ختم ہوگیا، اور گوگی پنکی کے دور میں گلی محلوں میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے تھے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے ایک سال کے اندر پورے صوبے میں اسٹیٹ آف دی آرٹ صفائی کا نظام نافذ کیا ہے، اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر صرف دو گھنٹوں میں آلائشوں کو ٹھکانے لگا دیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کے پاس اب وزیراعلیٰ، وزرا اور اداروں کے اہلکار خود جاتے ہیں — یہی عوامی خدمت کا نیا ماڈل ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کبھی پوچھتے تھے کہ وہ اتنے بڑے صوبے کو کیسے سنبھالیں گی، لیکن آج وہ ان کی کارکردگی دیکھ کر شاباش دیتے ہیں۔
مزید کہا کہ تعلیم، صحت، صفائی، سڑکوں کی بحالی اور روزگار عوام کے بنیادی حقوق ہیں، جن پر حکومت دل سے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب کے طلبہ کو لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ تعلیم میں رکاوٹ نہ آئے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ صوبے میں جرائم کی شرح صفر ہو گئی ہے، خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات پر فوری کارروائی کی جاتی ہے اور ۲۴ گھنٹوں کے اندر ملزمان گرفتار کر لیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “میں صرف گلیوں کی صفائی نہیں بلکہ اُن دماغوں کی بھی صفائی کر رہی ہوں جو پنجاب کی ترقی سے جلتے ہیں۔”
آخر میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کو بھی صاف ستھرا اور ترقی یافتہ دیکھنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کہیں سڑکیں ٹوٹی پھوٹی ہیں، آٹا مہنگا ہے یا طلبہ کو لیپ ٹاپ نہیں مل رہے تو عوام کو اپنی حکومتوں سے سوال کرنا چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ ترقی، صفائی، روزگار اور تعلیم عوام کے بنیادی حقوق ہیں اور ان حقوق کی فراہمی ان کی حکومت کی ترجیح ہے۔