پنجاب حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر میں معاہدہ، گندم 3500 روپے فی من خریدی جائے گی

لاہور: پنجاب حکومت نے کاشتکاروں سے گندم کی فصل 3500 روپے فی من خریدنے کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت گندم سے متعلق ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں محکمہ زراعت کی جانب سے گندم کی کاشت، پیداوار اور ذخائر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں اور اس وقت صوبے میں گندم کی کوئی کمی نہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ

“کاشتکار ہمارے بھائی ہیں، ہم انہیں کسی بھی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔”

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار گندم کے کاشتکاروں کو ایک ہزار مفت ٹریکٹر دیے گئے ہیں، جبکہ کسان کارڈ کے ذریعے کسانوں کو اربوں روپے کے زرعی مداخل فراہم کیے جا چکے ہیں۔

مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ پنجاب میں ہر قسم کی کھاد کنٹرول ریٹ پر وافر مقدار میں دستیاب ہے تاکہ کسانوں کو کاشت کے دوران کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اجلاس میں آئندہ سال گندم کی خریداری کے لیے جامع پلان تیار کرنے کی بھی منظوری دی گئی، جس کے تحت کسانوں کو بروقت ادائیگی اور سہولیات فراہم کرنے کا عزم کیا گیا۔

Related posts

پیپلز پارٹی نے حکومت کو وعدوں پر عملدرآمد کے لیے ایک ماہ کی مہلت دے دی

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ: سیز فائر کے دوران پاکستانی سکیورٹی فورسز نے 100 سے زائد خوارج ہلاک کیے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی: افغانستان سمیت جو بھی حملہ کرے گا، بھرپور جواب دیا جائے گا