اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی داخلی و خارجی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوانِ صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ ملاقات ایوانِ صدر اسلام آباد میں ہوئی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے صدر مملکت کو ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل نے صدر مملکت کو افغان طالبان حکومت کی جارحانہ اور اشتعال انگیز کارروائیوں کے بارے میں آگاہ کیا اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی حالیہ سیکیورٹی صورتحال پر روشنی ڈالی۔
فیلڈ مارشل نے افغان سرحد پر پاک فوج کی محتاط مگر مؤثر جوابی کارروائیوں کے حوالے سے بھی صدر مملکت کو تفصیلات فراہم کیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے افواجِ پاکستان کی صلاحیت، جرات اور پیشہ ورانہ تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے ملکی سرحدوں کے دفاع میں پاک فوج کی چوکسی اور مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ:
“پاکستان اپنی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔”
انہوں نے افغان بارڈر پر سرحد پار حملوں کا فوری اور پیشہ ورانہ جواب دینے پر بھی پاک فوج کی تعریف کی اور کہا کہ قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔