اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ کارساز کی 18ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہداء کے ناقابلِ شکست حوصلے، غیر متزلزل وفاداری اور جمہور و جمہوریت کے لیے عظیم قربانیاں قوم کی تاریخ کا روشن باب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم کی روح پر 18 اکتوبر 2007ء کا دن ہمیشہ کے لیے نقش ہو چکا ہے، جب لاکھوں عوام نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وطن واپسی پر تاریخی استقبال کیا تھا۔
⸻
“کارساز کے شہداء نے جمہوریت کی روشنی کو بجھنے نہیں دیا”
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اس روز 30 لاکھ سے زائد جیالوں نے کراچی کی سڑکوں پر اپنی قائد کے استقبال کے لیے تاریخی اجتماع کیا،
مگر اسی دن آمریت اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے قافلے پر ہولناک حملہ کیا، جس میں 180 بہادر کارکنوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دشمن جمہوریت کی روشنی کو بجھانا چاہتے تھے، مگر کارساز کے شہداء کے لہو نے اس روشنی کو مزید جلا بخشی۔
انہوں نے کہا کہ یہ شہداء جمہوری پاکستان کے خواب کے حقیقی محافظ ہیں، جن کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔
⸻
“شہداء کے مشن کو مکمل کریں گے”
چیئرمین پیپلز پارٹی نے عزم ظاہر کیا کہ
“ہم شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور سانحہ کارساز کے شہداء کے مشن کو آگے بڑھائیں گے، تاکہ ایک ایسا پاکستان تعمیر ہو جہاں جمہوریت، مساوات اور انصاف کی حکمرانی ہو۔”
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہداء کا لہو آج بھی ایک پرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کی جانب سفر کو روشن کر رہا ہے۔