لاہور: آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی فوجی قیادت کو خبردار کیا ہے کہ نیوکلیئر انوائرمنٹ میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ کی کوئی گنجائش نہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ فولاد کی طرح کھڑی رہی، اس آپریشن نے قوم کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے، مگر قوم پہلے سے زیادہ متحد ہوئی اور افواجِ پاکستان نے سرحدوں کا بھرپور دفاع کیا۔
آرمی چیف نے انکشاف کیا کہ پاکستان نے ازلی دشمن کے خلاف انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کارروائیاں کرتے ہوئے رافیل طیارے مار گرائے اور دشمن کی متعدد بیسز بشمول ایس-400 سسٹمز کو نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ملٹی ڈومین وارفیئر کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور دشمن کے ہر عزائم کو ناکام بنایا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ “قوم کو یقین دلاتا ہوں، اس مقدس سرزمین کا ایک انچ بھی دشمن کے حوالے نہیں ہونے دیں گے، ہماری فوج دنیا کی بہترین فوج ہے۔”
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی کوشش کی تو اسے فوجی اور اقتصادی لحاظ سے توقعات سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دفاعی نظریہ کریڈیبل ڈیٹرنس پر مبنی ہے، اور کسی بھی اشتعال انگیزی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
آرمی چیف نے کہا کہ بھارت اپنے سیاسی مقاصد کے لیے دہشت گردی کو استعمال کر رہا ہے، جبکہ پاکستان نے عددی طور پر بڑے دشمن کے خلاف اپنی واضح فتح سے عالمی سطح پر وقار حاصل کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے حالیہ عرصے میں سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے کے ذریعے مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے اہم قدم اٹھایا ہے۔ “عوام اور مسلح افواج کے لیے یہ اعزاز ہے کہ وہ حرمین الشریفین کے دفاع کے لیے اپنی خدمات پیش کر سکیں۔”
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری پر فخر کرتا ہے، جبکہ امریکہ کے ساتھ تعلقات میں مثبت پیشرفت خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی قیامِ امن کی کوششیں قابلِ تعریف ہیں، اور پاکستان عالمی و علاقائی استحکام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کے مؤقف کو غیر متزلزل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے طالبان حکومت پر زور دیا کہ وہ ان پراکسیز کو لگام ڈالے جو افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہی ہیں، اور کہا کہ “دشمن کسی بھول میں نہ رہے، پاک فوج ہر محاذ پر چوکس ہے، پاکستان کا پرچم ہمیشہ سربلند رہے گا۔”
تقریب کے اختتام پر آرمی چیف نے بہترین کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس کو اعزازی شمشیر اور شیلڈز سے نوازا۔
پریڈ میں 152 ویں لانگ کورس، 37 ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 71 ویں اینٹی گریٹٹ کورس اور 26 ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس نے حصہ لیا، جن میں 40 دوست ممالک کے افسران بھی شامل تھے