کاکول: آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے افغان طالبان قیادت اور بھارتی فوجی قیادت دونوں کو واضح پیغام دیا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ طالبان رجیم کو ان پراکسیز پر قابو پانا ہوگا جو پاکستان کے اندر حملوں کے لیے افغان سرزمین استعمال کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کا “فتنۃ الہند” اور “فتنہ الخوارج” کو بطور “ہائرڈ گنز” استعمال کرنا اس کے بزدلانہ چہرے کو بے نقاب کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان عوام دائمی تشدد کے بجائے باہمی سلامتی کا انتخاب کریں، پاکستان ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، تاہم اپنی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
آرمی چیف نے کہا کہ “دشمن کسی بھول میں نہ رہے، پاک فوج ہر محاذ پر چوکس ہے، پاکستان کا پرچم ہمیشہ سر بلند رہے گا۔”
بھارتی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کا دفاعی نظریہ کریڈیبل ڈیٹرنس اور دائمی تیاری پر مبنی ہے، اور ہماری افواج ہر طرح کی جارحیت کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ “اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی کوشش کی تو پاکستان دشمن کی توقعات سے کہیں زیادہ سخت جواب دے گا۔ جنگ کی صورت میں ہمارے ہتھیار دشمن کی جغرافیائی وسعت کے من گھڑت حفاظتی تصور کو ختم کر دیں گے۔”
فیلڈ مارشل نے خبردار کیا کہ نیوکلیئر ماحول میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ کی کوئی گنجائش نہیں، بھارت کو چاہیے کہ وہ پاکستان کے ساتھ بنیادی مسائل بین الاقوامی اصولوں کے مطابق، برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر حل کرے۔
آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کا دفاع فولادی دیوار کی طرح مضبوط ہے اور دشمن کو کسی بھی محاذ پر کامیابی نہیں ملنے دی جائے گی۔