اسلام آباد: اسلامی جمہوریہ پاکستان کی خاتونِ اول اور رکنِ قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے سانحہ کارساز کی 18ویں برسی پر اپنے پیغام میں جمہوریت کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کارساز کا مقام پاکستان میں جمہوریت کی لہو رنگ جدوجہد کا گواہ ہے۔
بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ کارساز کے مقام پر بزدل دشمنوں نے جمہوریت پر گھات لگا کر حملہ کیا، مگر وہ جمہوریت کے سفر کو روکنے میں ناکام رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 18 اکتوبر 2007 کا دن تاریخ کا وہ لمحہ تھا جب کراچی ایئرپورٹ سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت میں نکلنے والا قافلہ ایک تاریخ ساز واقعہ بن گیا۔
انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر کو دخترِ مشرق پر حملہ کیا گیا، مگر ان کے وفادار ساتھیوں نے اپنی قائد کو بچانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
بی بی آصفہ کے مطابق کارساز پر جب جیالوں کی پہلی صف شہید ہوئی تو دوسری صف آگے بڑھی، اور 180 سے زائد کارکنان نے جامِ شہادت نوش کیا۔
بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ عزم، ہمت اور قربانی کی ایسی لازوال داستانیں دنیا بھر کی جمہوری تحریکوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سانحۂ کارساز کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں، انہوں نے جمہوریت کی جدوجہد میں جرات اور استقامت کے بیج بوئے جو آج بھی ہر تحریک میں پھول بن کر مہک رہے ہیں۔
خاتونِ اول نے اپنے پیغام میں کہا کہ “شہداء کا لہو ہمارے راستے کو تاریک نہیں بلکہ روشن کر گیا ہے،” اور عہد کیا کہ جب تک پاکستان کا ہر شہری آزاد اور برابر نہ ہو جائے، ہم شہدائے جمہوریت کے راستے پر آگے بڑھتے رہیں گے۔